افسانچہ 29: سزا (انعام یافتہ افسانچہ)

افسانچہ (29)

سزا

شہزاد بشیر

 

نومبر 2023 میںدنیائے افسانچہ گروپ میں منعقدہ مقابلے میں 300 سے زائد افسانچوں کے درمیان اس خاکسار کا یہ افسانچہ اول قرار پایا۔
افسانچہ :سزا
“تو پھر بتاؤ کیا کریں آخر، کہاں سے لائیں اتنے پیسے؟ اللہ نے بھی سات بیٹیاں دے دیں۔ زندگی بھر پالو اور پھر قرضہ لے کر بیاہ کرتے پھرو۔ کام کی نہ کاج کی۔”
بیوی آنسو بہاتے ہوئے، ہاتھ ملتے کسان سے بولی جو سوچ رہا تھا کہ اب چوہدری کا سودی قرض کیسے چکائے گا۔ فصل تو تباہ ہوگئی۔
دونوں میاں بیوی رات بھر حل سوچتے رہے۔ اور پھر حل مل ہی گیا۔
اگلے دن چوہدری کا قرض ادا ہو چکا تھا۔
اب کسان کی “چھ بیٹیاں” باقی تھیں۔
انعام یافتہ افسانچہ
اول انعام افسانچہ