تبصرہ : دامِ رنگ و بو
ناول : دام رنگ و بو
مصنفہ : نورین عامر
تبصرہ : شہزاد بشیر
★ نورین عامر کا نام تھوڑا عرصہ پہلے سامنے آیا جب بچوں کا کتاب گھر سے “فارم ہاؤس” کا اشتہار سامنے آیا۔ اس میں ہارر واقعات کو موضوع بنایا گیا تھا۔ کتاب دلچسپ لگی اور ہم نے دیگر کتب کے ساتھ اس کی مارکیٹنگ کی تو آرڈرز بھی آئے۔ پھر کچھ دن بعد ایک اور کتاب “دام رنگ و بو” کا ٹائٹل پیج سامنے آیا۔ اس میں دوبارہ نورین عامر صاحبہ کا نام نظر آیا مگر اس بار کتاب ہارر کے بجائے ایک اور انتہائی دلچسپ موضوع پر ہے۔ یہ دراصل ان کی پہلی کتاب ہے۔ کتاب کا نام “دام رنگ و بو” ذرا ہٹ کر لگا۔ ٹیگ لائن بھی کچھ منفرد لگی “اس روشن راستے کا تعارف جس پر عشاق سفر کرتے ہیں۔”
★ بطور پبلشر بھی میں ہر سطح کے قارئین و مصنفین کی بھیجی گئی تحاریر پڑھتا رہتا ہوں۔ اس معاملے میں ایک معیار خوب بخود سیٹ ہو جاتا ہے۔ پہلی کتاب کو میں گہری نظر سے دیکھتا ہوں۔ کیونکہ پہلی کتاب میں لکھاری کی خالص سوچ و نقطہ نظر اور خلوص و محنت شامل ہوتا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ بعد میں یہ چیزیں نہیں ہوتیں مگر پہلی کتاب بہرحال ایک انفرادی حیثیت رکھتی ہے اور اصل بات یہ بھی ہے کہ پہلی کتاب میں لکھاری کا ڈر بھی شامل ہوتا ہے۔ جی ہاں۔۔۔ ڈر !
★ ڈر اس بات کا کہ : پتہ نہیں ٹائٹل پسند آئے گا قارئین کو یا نہیں۔ پتہ نہیں کتاب کا نام میں نے ٹھیک تجویز کیا ہے یا نہیں؟ پتہ نہیں ٹیگ لائن ٹھیک ٹھیک کتاب کے موضوع سے مماثلت رکھتی ہے یا نہیں؟ پتہ نہیں کتاب پڑھ کر لوگ اچھی رائے دیں گے یا نہیں۔ اس کے علاوہ بھی اور کئی طرح کے ڈر ہوتے ہیں جو کسی بھی لکھاری کی پہلی کتاب سے وابستہ ہوتے ہیں۔ پھر جوں جوں کتاب ہاتھوں میں جاتی ہے اور اس پر تبصرے ہونے لگتے ہیں، پسند نا پسند کا اظہار سامنے آنے لگتا ہے توں توں مصنف کو مزہ آنے لگتا ہے اور اگر حوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں تو لکھاری کی خوشی دیدنی ہوتی ہے۔ پھر اور لکھنے کا شوق بڑھ جاتا ہے۔
★ میرے پاس بھی نوریں عامر صاحبہ کی کتاب پہنچی۔ اسے پڑھنا شروع کیا۔ کتاب کے ابتدائی صفحات سے منظر نگاری کی صلاحیت کا اندازہ ہوا۔ پختہ انداز میں انسانی احساسات پیش کئے گئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم خواتین کو کیا کیا مسائل و مشکلات درپیش ہوتی ہیں اس کا ایک خاکہ اس کتاب سے سامنے آتا ہے۔ موضوع اس اعتبار سے منفرد ہے کہ گو وہ معاملات یہاں ہمارے ملک میں بھی بے تحاشہ ہیں مگر بیرون ملک نیکی و بدی کی جنگ میں ہمدردی کردار کے ساتھ بڑھ جاتی ہے۔
★ نورین عامر نے اچھا انداز اپنایا ہے۔ بے ساختگی کے ساتھ مکالمے اور لوکیشنز کے حوالے بہت عمدگی سے لکھے گئے ہیں۔ کردار نگاری بہت اچھی کی گئی ہے اور بلا وجہ کرداروں کا رش نہیں نظر آیا یوں انہوں نے انصاف کیا ہے جس سے قاری کی دلچسپی بھی قائم رہتی ہے۔ کہانی پر گرفت اچھی رہی ناول میں اور موضوع سے متعلقہ حوالے بہترین انداز میں پیش کئے گئے۔
★ ایک موٹیویشنل ناول کی تمام خصوصیات اس ناول میں نظر آتی ہیں۔ پہلا ناول ہے ۔ پہلا ناول لکھاری کے قلم کی پوشیدہ جہتوں کا اندازہ کرواتا ہے۔ نورین عامر ماشاء اللہ بہترین مصنفہ کے طور پر اپنا امیج بنانے میں کامیاب رہیں۔ ٹائٹل میں بولڈنیس نظر آئی یعنی جو انہیں پسند آیا وہ ٹائٹل ڈیزائن رکھا۔ نام میں بھی ان کی بے خوفی پسند آئی یعنی اپنی پسند کو مقدم رکھا اور پھر ٹیگ لائن میں جس طرح ایک عجیب سی کھینچنے والی کشش نظر آتی ہے وہ بھی ان کی ذہانت عیاں کرتی ہے۔ تو یوں میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ پہلا ناول ڈر کے بجائے اعتماد اور یقین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور اس میں کوئی لگی لپٹی رکھے بنا کہہ سکتا ہوں کہ ناول واقعی بہت عمدہ لکھا گیا ہے۔
جو قارئین مجھ سے کہتے ہیں کہ اچھی کتاب کا مشورہ دیں تو ان اچھی کتابوں میں ایک “دام رنگ و بو” بھی ہے جسے آپ کتاب دوست آن لائن اسٹور سے بھی آرڈر کر سکتے ہیں۔
آرڈر کرنے کیلئے واٹس ایپ 03072395447 یا کتاب دوست اسٹور

