تبصرہ : آتش زادہ

ناول :   آتش زادہ 

مصنف: کاوش صدیقی 
  تبصرہ : شہزاد بشیر 
★ علم، مشاہدہ، تجربہ، ارتکازِ توجہ اور تحریر پر گرفت ! قاری کو باندھ کر رکھنے کیلئے ان صلاحیتوں کا ہونا ازحد ضروری ہے اور کاوش صدیقی صاحب کی کتابوں میں اس کی مثال اور کمالات دیکھنے ہوں تو “آتش زادہ” پڑھ لیجئے۔
★ محی الدین نواب کا شہرہ آفاق ناول “دیوتا” برسوں پہلے پڑھا تھا اب بھی کبھی کبھی ماضی کے دریچوں میں جھانکیں تو سارے کام چھوڑ کر اکثر “دیوتا” کا کوئی اقتباس یا کسی خاص یادگار حصے کی کچھ تحریر پڑھ لیا کرتا ہوں۔ حالیہ دنوں میں کاوش صدیقی کا ناول “آتش زادہ” پڑھا۔ پڑھا، پڑھا اور پڑھتا چلا گیا۔ مجھے یاد ہے اس کے اخری لمحات میں (حالانکہ اس وقت ایک انتہائی ضروری پروجیکٹ پر کام کررہا تھا) بھی میں اس ناول کو رکھ نہ سکا جب تک کہ اسے ختم نہ کر لیا۔
★ میں ناول کی پکڑ کا اندازہ اسی بات سے کرتا ہوں کہ ناول ہاتھ سے رکھا نہ جا سکے تو سمجھے مصنف نے آپ کے ذہن کو کنٹرول کرلیا کم ازکم اپنی تحریر کیلئے۔
★ اب یوں اگر دیکھا جائے اور کوئی کہے کہ “دیوتا” جیسا دلچسپ ناول کوئی ہے تو میں بلاجھجک “آتش زادہ” کا مشورہ دوںگا۔ یہ ناول شروع سے اختتام تک ایسے خوبصورت پیرائے میں لکھا گیا ہے کہ کہیں بھی آپ اسے خود اپنی زندگی سے موازنہ کئے بنا نہیں رہ پائیں گے۔
★ کاوش صدیقی صاحب کے بڑوں کے ناولوں میں ویسے تو کئی محبت نامے آپ پڑھ چکے ہونگے لیکن یہ اپنی نوعیت کی انوکھی محبت کی داستان ہے جس کا تجسس آپ کو ابتدائی صفحات میں ہی اتنا شدید رہے گا کہ آخری صفحہ پڑھنے تک ختم نہیں ہوگا۔ گو کہ اختتام شاید آپ کی آنکھیں نم کردے مگر بہت ہی خوبصور انداز سے اس کہانی کا انجام ہوتا ہے۔
★ تکنیکی اعتبار سے ایک بہت مشکل موضوع کا انتخاب کیا ہے کاوش صدیقی صاحب نے اور اس میں جو معلومات، مشاہدات و تجربات بیان کئے گئے ہیں وہ ان کی دنیاوی جہتوں پر دسترس کی غماز ہے۔ بہت قریب سے مشاہدہ کر کے لکھا گیا ناول ہے جو شاید بیشتر پڑھنے والوں کو اپنے گھر کے معاملات محسوس ہونگے۔
★ محبت اور رشتوں کے گرد گھومتی ایک خاندان کی کہانی جسے بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس ناول میں یہ بات بھی بہت پسند آئی کہ خاندانی معاملات میں بزرگوں کے فیصلوں کو مقدم رکھنے کی روائت دہرائی گئی جس کی فی زمانہ ضرورت بھی بہت ہے۔
★ ہمارے ارد گرد پھیلے معاشرتی کرداروں میں ایک بدنما کردار باباؤں اور محبوب کو قدموں میں لا پھینکنے کے دعوے کرنے والے شیطان صفت انسانوں کا بھی ہے مگر بعض کردار حقیقت میں انسانیت کیلئے شر و فتنہ ثآبت ہوتے ہیں اور اس ناول میں یہ سبق بھی بہت اچھی طرح سے دیا گیا ہے کہ انسان ان فتنوں کو پہچانے اور ان سے دور رہے۔ اسی میں عافیت ہے۔
★ میں نے کاوش صدیقی کی “زمین کی موت” یہ سوچ کر پڑھی تھی کہ وہ میرا پسندیدہ موضوع بھی ہے اور اس کتاب کے سحر سے میں ابھی نکلا نہیں تھا کہ ایک اور جہت کے دروازے کھولتا “آتش زادہ” مجھے گرفت میں لے چکا تھا اور گو کہ ناول کب کا ختم ہو چکا مگر لگتا ہے اب بھی تحریر و کہانی کی گرفت میں ہوں۔
★ بہترین مواد پسند کرنے والوں کیلئے “آتش زادہ” حاضر ہے۔ ابھی گھر بیٹھے منگوانے کیلئے آرڈر کیجئے۔
★ کتاب دوست مارکیٹنگ
آتش زادہ / کاوش صدیقی
قیمت: 1200 روپے ۔ ڈیلیوری مفت
جاز کیش 03072395447 / ایزی پیسہ 03172521294 / بنک ٹرانسفر بھی
atishzada by kawish siddiqui